ملتان: (دنیا نیوز) نوازشریف اپنے خلاف کیس میں کوئی دفاع پیش نہیں کر سکے، جہانگیر ترین کی میڈیا سے گفتگو، نون لیگ کی سیاست آئندہ شریفوں کے بغیر ہوگی۔
سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ باقی جماعتوں نے بھی جنوبی پنجاب صوبے بارے میں کئی بار اعلانات کیے مگر ان پر عملدرآمد نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ ہمارے منشور کا حصہ ہے اور تحریک انصاف ہی اس کو بنائے گی۔ لاہور میں ہونے والے جلسے میں عمران خان جنوبی پنجاب صوبہ کا حتمی اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ووٹ فروخت کرنے پر اراکین کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ چوہدری سرور نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہیں خریدے الیکشن کمپین میں خود ان کے ساتھ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سے حالات جارہے ہیں کوئی شک نہیں ہے کہ تحریک انصاف وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت بنائے گی۔