لاہور: ( روزنامہ دنیا ) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے سائبر کرائم سے بچنے کیلئے سائبر الرٹ جاری کر دیا۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض جعلساز مافیا مختلف ٹیلی فون نمبر سے کال کر کے اپنے آپ کو حساس ادارے یا پھر بینک کے افسر ظاہر کرتے ہیں اور شہریوں سے ان کی ذاتی معلومات خصوصاً بینک کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ان کے اکائونٹس سے پیسے نکلوا لیتے ہیں یا پھر مختلف انعامی سکیموں میں انعام نکلنے کا جھانسہ دیا جاتا ہے۔
جعلساز مافیا نے مختلف سافٹ ویئر بنا رکھے ہیں جن کی مدد سے جب وہ کال کرتے ہیں تو شہری کے فون پر امریکہ، برطانیہ، دبئی یا دیگر ممالک کے نمبر ظاہر ہوتے ہیں جبکہ بعض سافٹ ویئر ایسے ہیں جو متعلقہ محکموں کے ہی نمبر ظاہر کرتے ہیں جس سے شہری دھوکا کھا جاتے ہیں۔ سائبر کرائم سرکل کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ تمام شہری ایسی کال سے محتاط رہیں اور کسی کے دھوکے میں نہ آئیں۔