ملک بھر میں سورج کا مزاج برہم، درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچ گیا

Last Updated On 26 May,2018 05:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سورج کا مزاج برہم، عمر کوٹ میں پارہ 49، سکھر اور دادو میں 47 ڈگری پر، لاہور میں 43 اور کراچی میں درجہ حرارت 39 ڈگری کو چھو گیا، شہریوں نے بارش کیلئے نماز استسقا ادا کی۔

ملک بھر میں سورج کا مزاج برہم، ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار، لاہور میں پارہ 43، کراچی میں 39 ڈگری پر پہنچ گیا۔ عمر کوٹ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کراچی والوں کی جان چھوڑنے کو تیار نہیں، شہر قائد میں پارہ 39 ڈگری تک پہنچ چکا ہے، پیر یا منگل سے ایک اور ہیٹ ویو کراچی کا رُخ کرسکتی ہے۔ شدید گرمی سے تنگ کراچی والے باران رحمت کے منتظرہیں۔ شہریوں نے نماز استسقا بھی ادا کی۔ ماہرین نے شہریوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نہ نکلنے اور سر کو گیلا رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی درجہ حرارت 43 ڈگری پر پہنچ گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں لاہور کہ درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

فیصل آباد میں بھی درجہ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے، حبس اور گرمی سے تنگ شہریوں نے کینال روڈ پر لگے الیکڑک شاورز کا رخ کرلیا ہے۔