لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ملزمان تاثیراحمد اور عثمان قیوم کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کر دی۔
احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں ملوث ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کردی۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا کہ سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی گئیں، نیب کے پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ دیگر تین ملزمان جنرل مینجر فیضان ولی، مینجر اکاؤنٹس سعد رفیق اور فیصل راو 8 کروڑ روپے کی پلی بارگین کرچکے ہیں اور ملزمان نے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا، لہذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کر دی اور ملزمان کو 6 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزمان پر مالی بدعنوانی اور پیپرا رولز کی خلاف ورزی کے الزامات عائد ہیں۔ ملزمان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تاثیر احمد، چیف فائنینشل آفیسرعثمان قیوم شامل ہیں۔