لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو 17کمپنیز کا ریکارڈ 3 روز میں نیب کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے 56 کمپنیز کے سربراہان کو اضافی تنخواہیں واپس کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
سپریم کورٹ میں 56 کمپنیز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈی جی نیب نے عدالت کے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کمپنیز کے معاملہ پر تعاون نہیں کیا، 56 کمپنیز میں سے 17 کا ریکارڈ تاحال نہیں ملا۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے فکر نہ کریں سارا ریکارڈ نیب کو ملے گا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا اربوں روپے خرچ کر دئیے صاف پانی کی ایک بوند بھی نہیں بنی، عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، کسی کو استعمال نہیں کرنے دینگے، کمپنیز بنا کر اپنوں کو نوازا گیا۔ چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کاش آپ بھی کسی کمپنی کے سربراہ ہوتے، آپ کو بھی لاکھوں روپے تنخواہیں ملتی۔
سپریم کورٹ نے عمل درآمد کی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کر لی۔