ویسٹ مینجمنٹ، کیٹل مارکیٹ اور پارکنگ کمپنی کی چھان بین، کمپنی افسران آڈیٹرز کو مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کے بجائے تاخیری حربے استعمال کرنے لگے۔
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کمپنیز اسکینڈلز میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے 3 رکنی ٹیم نے فیصل آباد کی کمپنیوں کا آڈٹ شروع کر دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:پنجاب کی کمپنیوں میں کرپشن کا معاملہ، چیئرمین نیب کا تحقیقات کا حکم
فیصل آباد میں 2014 سے قائم ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، کیٹل مارکیٹ اور پارکنگ کمپنی کا آڈٹ بلا آخر شروع کر دیا گیا۔ دنیا نیوز کی جانب سے پنجاب کمپنی سکینڈلز میں اربوں کی بے ضابظگیوں کا معاملہ اٹھایا گیا تو پنجاب حکومت نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو کمپنیوں کے آڈٹ کی استدعا کر دی تھی۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تین رکنی ٹیم آڈٹ کے لیے کمپنیوں میں آئی تو افسران تعاون کرنے سے گریزاں نکلے۔ ذرائع کے مطابق پارکنگ کمپنی ڈبل تنخواہوں سمیت گھوسٹ ملازمین، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملازمین کو برخاست کرنے اور کیٹل مارکیٹ میں مبینہ کرپشن کے ریکارڈ میں ہیر پھیر کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ٹیم کو متعلقہ کمپنیاں ریکارڈ فراہم کرنے میں تاخری حربے اپنا رہیں ہیں۔