لاہور: (دنیا نیوز) اسکولوں کی فیسوں سے متعلق مختلف ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کر تے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق مختلف ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔
درخواستگزاروں کے وکلاء نے استدعا کی کہ ان کے خلاف حکم امتناعی خارج کیا لیکن فل بنچ نے استدعا مسترد کر دی اور ریمارکس دیئے کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے، عدالت از خود نوٹس لینے بارے سوچ رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بڑے لوگوں نے سکولز کھول کر والدین کا استحصال شروع کر رکھا ہے، پرائیویٹ سکول مافیا نے ملی بھگت کر کے سرکاری اسکولوں کا بیڑا غرق کر دیا ہے، بتایا جائے بچوں سے ود ہولڈنگ ٹیکس کس حیثیت سے وصول کیا جارہا ہے۔ عدالت نے ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کر تے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔