گجرات: (دنیا نیوز) چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ عوام ن لیگ کے جانے پر شکرانہ کے نفل پڑھیں اور آئندہ ان کرپٹ لوگوں کو ووٹ نہ دینے کا عہد کریں۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے گجرات میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن حکمرانوں نے اپنی حکومت کے آخری دن بھی عوام پر پٹرول بم گرا دیا، ان کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے دعوؤں کا بھی پول کھل گیا، عوام سحری و افطاری اندھیرے میں کرنے پر مجبور ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ وہ الیکشن میں جانے سے پہلے صاف پانی سمیت 56 کمپنیوں میں کرپشن کا حساب دیں، وہ نامکمل منصوبوں کے افتتاح، جعلی سکیموں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں عوام کے مجرم ہیں اور جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جنگلا بس اور اورنج ٹرین میں پنجاب کا اربوں روپیہ لگا دیا لیکن غریب عوام آج بھی دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ بے روزگاری اور لاقانونیت شہباز شریف کے وہ تحفے ہیں جو انہوں نے عوام کو دئیے۔ پنجاب حکومت ختم ہو گئی مگر شہباز شریف نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دئیے۔