(ق) لیگ کے 30 رکنی وفد کی (ن) لیگ میں شمولیت

Last Updated On 24 April,2018 12:09 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے گورنر ہاؤس کراچی میں مسلم لیگ (ق) سندھ کے 30 رکنی وفد نے صوبائی جنرل سیکریٹری مطیع الرحمن کی قیادت میں ملاقات کر کے (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شہبا ز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کی بحالی نواز شریف کی بصیرت کا ثبوت ہے۔ پیر کومسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے شہباز شریف سے ملاقات میں ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کی شمولیت کا خیر مقدم کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کے لیے ہے، ہم مل کر کراچی سمیت پورے صوبہ سندھ کو بہتر بنائیں گے۔

وفد میں مہدی حسین شاہ ،عبدالغفور، طارق آرائیں، مختلف یونین کونسلوں کے صدور، احمد حسین، آصف قریشی اور دیگر شامل تھے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) سندھ کے قائمقام صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں وفد نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے لیگی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاری اور بلدیہ ٹاؤن کے جلسوں میں لوگوں کا بے پناہ جوش دیکھ کر اچھنبا ہوا، کراچی میں پانی کا کے 4 منصوبہ، توانائی ، سڑکوں اور موٹروے نوازشریف کے منصوبے ہیں، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ایک ہفتے میں جس طرح سندھ میں ڈبل انٹری ڈالی ہے مخالف جماعتیں اس سے پریشان ہو گئی ہیں۔