مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الہیٰ اور سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین سے سیالکوٹ یوتھ ونگ کے صدر و ٹکٹ ہولڈر صدف بٹ نے وفد کے ہمراہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالہیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی عوامی خدمات کے باعث مستقبل مسلم لیگ (ق) کا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں رکنیت سازی کیمپ لگانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کا خواب دیکھنے والے ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کا تعلق اسی شہر سے ہے، اس لیے یہاں کے مسلم لیگی کارکنوں اور نوجوانوں پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی خالق جماعت کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کیلئے اہم کردار ادا کریں تا کہ یہ جماعت قیام پاکستان کی طرح تمام مسلم لیگیوں کو متحد کر کے ایک بار پھر تاریخی کردار ادا کر سکے۔