زرداری کے معاون قیوم سومرو کی کوئٹہ میں موجودگی، نئی چہ مگوئیوں کا آغاز

Published On 13 Jan 2018 05:23 PM 

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کے دست راست قیوم سومرو کی کوئٹہ میں موجودگی سے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔

بلوچستان میں قائد ایوان کے انتخاب کے دوران اسمبلی کی مہمانوں کی گیلری میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر زرداری کے دست راست ڈاکٹر قیوم سومرو کی موجودگی پر سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔ نومنتخب وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد جب گورنر ہاؤس حلف کے لئے روانہ ہوئے تو ڈاکٹر قیوم سومرو وزیر اعلیٰ کی بلٹ پروف گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر براجمان ہوئے۔ قیوم سومرو گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری میں بھی موجود تھے۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا بلوچستان میں ایک بھی رکن نہیں لیکن اس کے باوجود سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا تھا کہ بلوچستان میں اگلا وزیر اعلیٰ جیالا ہو گا۔ میر قدوس بزینجو کی سابق صدر آصف علی زرداری سے قربتیں گزشتہ ایک سال سے سیاسی حلقوں میں زیربحث رہی ہیں۔