اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خان صاحب نگران حکومت کو مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کریں، مسلم لیگ ن کی کارکردگی نے آپ کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے نگران وزیراعظم کو عمران خان کے خط لکھنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا نگران حکومتیں انتخابی عمل میں غیر جانبدار رہنے کی پابند ہوتی ہیں، وفاقی حکومت کی دس ہزار سے زائد اور پنجاب حکومت کی بنائی ہوئی ساڑھے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پورا پاکستان استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا آپ نے 2013 میں پورے پاکستان کے لئے بجلی بنانے کا وعدہ کیا تھا اس کا حساب دیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا نگران وزیر اعظم کو خیبر پختون خواہ میں اپنی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا بھی خط لکھیں، خیبر پختون خواہ حکومت کی نا اہلی اور نالائقی چھپانے کے لئے چوروں کی طرح شور مچانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا شہبا شریف کی کارکردگی لاہور ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، میٹرو اور آپ کی کارکردگی پشاور کی میٹرو کے کھدے ہوئے 400 کھڈے ہیں۔