پرویز مشرف سے کسی کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے ؟ چیف جسٹس

Last Updated On 09 June,2018 03:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف کو آنے کو کہا تو سب کو خطرہ ہو رہا ہے، ان سے کسی کو کیا خطرہ ہوسکتا ہے ؟ سابق صدر آئیں اور قانون کا سامنا کریں، کسی کیلئے خطرے کی بات نہیں ہونی چاہیے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پانی بحران اور کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ظفر محمود سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ مجیب پیرزادہ ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پانی کے بحران اور قلت پر کسی کو اعتراض نہیں، مگر کالاباغ ڈیم کا نام جہاں آتا ہے ہے تنازع کھڑا ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے خطرہ محسوس ہوتا ہے تو لوگ بات کرتے ہیں، کوئی ایسا حکم نہیں دیں گے جہاں تنازع ہو، چار بھائی متفق نہیں تو متبادل حل نکالیں، ہم آنے والی نسل کو اچھا مستقبل دے کر جائیں گے۔

مجیب پیرزادہ نے کہا پوری قوم آپ کے ساتھ ہے اچھے فیصلوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ وفاق کی عدالت ہے، ہم جوڑنے کیلئے بیٹھے ہیں توڑنے کیلئے نہیں بیٹھے۔