اسلام آباد: (دنیا نیوز) خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ مل گئی، اسلا آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست مسترد کردی۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینئر شپ سے ہٹایا تھا، فاروق ستار کیخلاف درخواست خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل نے دائر کی تھی۔ بعدازں فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
تقسیم در تقسیم کا نشانہ بننے والی متحدہ قومی موومنٹ بانی قائد کی رخصتی کے بعد ڈیڑھ سال بھی متحد نہ رہ سکی۔ پہلے ایم کیوایم پاکستان بنی پھر بہادرآباد اور پی آئی بی کے ناموں سے نئی شناخت ملی۔ ابتداء میں اس تقسیم کی وجہ پارٹی میں نئے نئے آنے والے کامران ٹیسوری قرار پائے جن کی کنوینر کے عہدے تک تیز ترین رسائی نے پارٹی کے پرانے وفاداروں کو خائف کر دیا۔ مگر نئے سربراہ فاروق ستار نے کسی مخالفت کی فکر نہ کی اور یوں پارٹی کے نمبر ٹو عامر خان کی قیادت میں نیا بلاک بننا شروع ہوا، جو بہادرآباد عارضی مرکز کا مالک بن گیا۔