کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں 2 گھنٹے کی توسیع

Last Updated On 11 June,2018 03:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2018 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو گھنٹے کی توسیع کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کاغذات نامزدگی کیلئے مزید وقت نہیں دیا جائیگا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ حتمی ہے۔

 الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ وقت بڑھایا تو سکروٹنی کا عمل متاثر ہوگا، امیدوار آج شام 6 بجے تک نامزدگی فارم جمع کرائیں، آج شام کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی۔ انہوں نے کہا امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کل سے 19 جون تک ہوگی، کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 22 تک دائر ہوسکیں گی۔ اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائے گا، نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری ہوگی، امیدوار کاغذات 29 جون تک واپس لے سکیں گے جبکہ ملک بھر میں پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔

دوسری جانب کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے این اے 132 اور 124سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے این اے 125 ،127 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔ حمزہ شہباز نے این اے 132 اور این اے 124 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے، تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے این اے 131 ، 129 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے این اے 133 اور این اے 125 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سلمان رفیق نے این 131 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، زعیم قادری نے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ برابری پارٹی کے رہنما جواد احمد نے قومی اسمبلی کے حلقہ 131,132,134 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
 

Advertisement