لیگی دور حکومت میں 4520.8 ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ

Last Updated On 12 June,2018 09:31 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ (ن) نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں 4520.8 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض حاصل کیا اور اسی قرض کے ذریعے 2008 ارب روپے مالیت کا پرانا غیر ملکی قرض واپس کیا اس طرح حکومت کو قرض کی ادائیگی کے بعد اپنے ترقیاتی پروگراموں اور اصلاحات کے پروگراموں پر عمل درآمد کیلئے 2512 ارب روپے مالیت کا قرض استعمال کیلئے دستیاب ہوسکا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پہلے مالی سال 2013-14 کے دوران حکومت نے 823.8 ارب روپے کا غیر ملکی قرض حاصل کیا جس میں 194 ارب روپے کا ترقیاتی قرض 194.4 ارب روپے اصلاحات کے پروگراموں کیلئے قرض 214 ارب روپے دیگر قرض اور193.7 ارب روپے مالیت کی گرانٹس اور پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ سے 154.198 ارب روپے شامل ہیں، اس مجموعی غیر ملکی قرض میں سے 312.11 ارب روپے قرض واپس کیا گیا اور حکومت کو 511.727 ارب روپے استعمال کیلئے دستیاب ہوسکے۔

مالی سال 2014-15 میں حکومت نے مجموعی طور پر 466.22 ارب روپے کا غیر ملکی قرض حاصل کیا جس میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے قرض 143 ارب روپے، اصلاحات کیلئے 102.57 ارب روپے قرض، سماجی امداد 198.24 ارب روپے، گرانٹس 22.3 ارب روپے شامل ہیں ،یہ مجموعی قرض لینے کے بعد حکومت نے اسی سے 285.193 ارب روپے مالیت کا قرض واپس کر دیا اور حکومت کو اس مالی سال میں 181.032 ارب روپے غیر ملکی قرض استعمال کیلئے دستیاب ہوسکا۔ مالی سال 2015-16 کے دوران حکومت نے 705.772 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض حاصل کیا جس میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 182.4 ارب روپے مالیت کا ترقیاتی قرض، 300.6 ارب روپے مالیت کا اصلاحات کے پروگراموں کا قرض، دیگر غیر ملکی قرض 28.774 ارب روپے، غیر ملکی گرانٹس 28.77 ارب روپے شامل ہیں۔ اس مجموعی 705.772 ارب روپے مالیت کے قرض میں سے حکومت نے 335.3 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض واپس کیا اور حکومت کے پاس 370.465 ارب روپے کا غیر ملکی قرض استعمال کیلئے دستیاب ہوسکا۔

مالی سال 2016-17 میں حکومت نے 1085 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض حاصل کیا جس میں 335.5 ارب روپے، 572.585 ارب روپے مالیت کا اصلاحات کیلئے قرض، 152.2 ارب روپے کے دیگر غیر ملکی قرض اور 25.278 ارب روپے مالیت کی غیر ملکی گرانٹس شامل ہیں اور اس مجموعی 1085 ارب روپے مالیت کے غیر ملکی قرض کے حصول کے بعد حکومت نے اسی میں سے 544.314 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض واپس کر دیا اور 541.3 ارب روپے مالیت کا قرض استعمال کیلئے حکومت کو دستیاب ہوسکا۔ مالی سال 2016-17 کے دوران حکومت نے 612.34 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض حاصل کیا جس میں 126.478 کا غیر ملکی ترقیاتی قرض، 131.53 ارب روپے مالیت کا اصلاحات کا قرض، 338.53 ارب روپے مالیت کا دیگر غیر ملکی قرض، 9.41 ارب روپے مالیت کی گرانٹس، پی ایس ڈی پی سے باہر دیگر گرانٹس 6.3 ارب روپے شامل ہیں۔

اس 612.34 ارب روپے کے مجموعی غیر ملکی قرض میں سے حکومت نے 228.22 ارب روپے مالیت کا قرض واپس کیا اور اس مالی سال میں حکومت کو 384.112 ارب روپے کا غیر ملکی قرض استعمال کیلئے دستیاب ہوسکا اور 30 جون 2018 کو ختم ہونیوالے رواں مالی سال 2017-18 کے پہلے نو ماہ جولائی تا مارچ کے دوران حکومت نے 827.7 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض حاصل کیا جس میں 228.32 ارب روپے مالیت کا غیر ملکی قرض، 200.6 ارب روپے مالیت کا اصلاحات کے پروگراموں کا قرض، دیگر غیر ملکی قرض کی مالیت 367.6 ارب روپے، گرانٹس کی مالیت 23.6 ارب روپے اور پی ایس ڈی پی سے باہر گرانٹس 7.4 ارب ڈالر قرض شامل ہے، حکومت نے اس مجموعی 827.7 ارب روپے مالیت کے غیر ملکی قرض میں سے 303.41 ارب روپے مالیت کا پرانا غیر ملکی قرض واپس کیا اس طرح حکومت کو 524.299 ارب روپے مالیت کا قرض استعمال کیلئے دستیاب ہوسکا۔