خواجہ حارث اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت مقدمے سے بھی دستبردار

Last Updated On 12 June,2018 02:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت مقدمے سے بھی دستبردار ہوگئے۔ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں حتمی دلائل موخر کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ احتساب عدالت سماعت جاری رکھے۔

اسلام آ باد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست کی سماعت کی۔ عدالتی نوٹس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں حتمی دلائل مکمل کر چکی ہے، خواجہ حارث نے سپریم کورٹ کے حکم نامے سے پہلے ہی وکالت نامہ واپس لے لیا جبکہ حکم نامے کے بعد تو ویسے ہی یہ درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ وکیل نہ آئے تو درخواست پر کون دلائل دے گا ؟ کیا نواز شریف خود عدالت آئیں گے ؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی۔