لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز لندن روانہ ہوگئے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کے ساتھ عید منائیں گے، وہ وہاں پر ڈاکٹروں کے ساتھ کلثوم نواز کی طبیعت کے حوالے سے بھی مشاورت کریں گے اور ایک ہفتے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز وطن واپس لوٹیں گے۔
سابق وزیراعظم غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے براستہ دوحا لندن جائیں گے جہاں وہ اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔ جاتی امراء سے ایئرپورٹ روانگی کے موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی اور کارکنان نے سابق وزیراعظم کی گاڑی پر پھول بھی نچھاور کیے۔ نواز شریف عید کے بعد وطن واپس آئیں گے جبکہ احتساب عدالت نے انہیں آج حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔
مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ لندن روانہ ہو رہی ہوں، انشااللہ اگلے ہفتے واپسی ہے، امی سے ملاقات اور انہیں گلے لگانے کیلئے بے تاب ہوں، آپ سب سے امی کی صحت کیلئے خصوصی دعا کی اپیل ہے۔
Leaving for London. Back next week IA. Can’t wait to meet & hug Ami. Request all for special dua for her health. May Allah bless you all.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) June 14, 2018
ادھر مریم نواز نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں ووٹ لینے والا اہل نہیں جبکہ 2 دفعہ آئین توڑنے والے ڈکٹیٹر کو کہا جا رہا کہ کوئی بات نہیں آپ آئیں اور الیکشن لڑیں۔ ایک فاضل جج کی جانب سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آپ تشریف لائیں آپکو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ ایک طرف وہ پرائم منسٹر جو کروڑوں ووٹ لے کر آیا اس کو اس لیے نکالا کہ اس کا فیصلہ پہلے ہوچکا تھا۔
شیخ رشید کی اہلیت پر سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فیصلے کا علم ہونے کے باعث شیخ رشید کا فیصلہ سننا بھی گوارا نہیں کیا۔ 70 سال سے عوامی نمائندوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرنے کی روایت نواز شریف نے توڑی۔ نواز شریف ڈٹ گیا اور پلاننگ ناکام بنائی۔ اب ان لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ وہ کہاں جائیں، دائیں جائیں، بائیں جائیں پیچھے رہیں یا سامنے آئیں۔ یہ سارا کچھ ایک سکرپٹ کا حصہ تھا اور اب نواز شریف ڈٹ گیا ہے اور یہ سکرپٹ ناکام ہوگیا۔
ن لیگی رہنما نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کسی کے کہنے پر نہیں چلتی، ن لیگ میں کوئی بھی شخص اوپر سے آئی ہدایت کے مطابق ٹکٹیں نہیں دیتا۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک، قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہوں۔ پنجاب اسمبلی یا قومی اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ وقت آنے پر سوچ سمجھ کر کروں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کی عزت کا وقت قریب آگیا ، ووٹرز باہر نکلیں۔ اگر ابھی نہیں تو پھر کبھی نہیں۔
علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی شاہانہ انداز میں کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کیلئے سیشن عدالت میں پہنچیں۔ مریم نواز کی آمد پر پروٹوکول سکیورٹی اداروں نے خوب پھرتیاں دکھائیں۔ سکیورٹی کلیئرنس کیلئے سراغ رساں کتوں کو کمرہ عدالت میں لے جانے کے ساتھ جج کی کرسی کے نیچے بھی گھسا دیا گیا جس پر دیگر امیدواروں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔ مزید برآں اس موقع پر ن لیگ کے رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر نے مریم نواز کی بلائیں ٹالنے کیلئے 4 بکر وں کا صدقہ دیا۔