لاہور: (دنیا نیوز) آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے جبکہ مختلف سیاسی شخصیات نے بھی ان کیلئے دعا کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے میاں نواز شریف اور فیملی کو خصوصی پیغام میں ان کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے دُعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سابق قائدِ حزب اختلاف خورشید شاہ نے بیگم کلثوم نواز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جلد از جلد اور مکمل صحت یابی عطا کرے۔ ماضی میں جمہوریت کے لئے بیگم کلثوم نواز نے بھی بہت جدوجہد کی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو اچھی صحت اور لمبی عمر عطا فرمائے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک ماہ رمضان کے صدقے بیگم کلثوم نواز کی مشکلات آسان فرمائے۔ وہ نواز شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بھی بیگم کلثوم نواز کی خرابی صحت پر گہرہ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ انھیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔
چودھری نثار علی خان نے بھی بیگم کلثوم نواز کی صحت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بیماری کا مقابلہ بڑی ہمت سے کیا۔ دعاگو ہوں کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم کو جلد صحت یاب فرمائے۔