لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے قوم سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق، بیگم کلثوم نواز کی طبیعت پھیپھڑے میں خون کا لوتھڑا آنے کے باعث تشویش ناک ہوئی۔ پھیپھڑے میں خون کا لوتھڑا آنے کے باعث بیگم کلثوم نواز کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا، کلثوم نواز پلمونری ایمبولیزم کے باعث بے ہوش ہوئیں اور گر پڑیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق، خون کا لوتھرا پھیپھڑے میں آکر خون کی سپلائی روک دیتا ہے، جس کے باعث دل فیل ہو جاتا ہے، لمبی بیماری یا لمبا عرصہ لیٹے رہنے اور کولیسٹرول کی زیادتی وجہ ہوسکتی ہے۔ بیگم کلثوم نواز گزشتہ ایک سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔
Ami had a sudden cardiac arrest this morning when we were on the flight & is in ICU & on the ventilator since. Earnest request for duas.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) June 14, 2018
یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو طبیعت خراب ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث آئی سی یو میں گر پڑیں، انہیں دل کا دورہ بھی پڑا، بعد ازاں انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کیا گیا اور وہ وینٹی لیٹر پر ہی ہیں اور انہیں ہوش نہیں آیا۔ ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو بدھ کی شب طبیعت خراب ہونے پر پہلے ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ پھر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ قبل ازیں کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنیوالے ڈاکٹروں نے بھی دوران معائنہ کمزوری کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
دوسری جانب شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کرے۔ حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا والدہ کی حالت تشویشناک ہے ، جبکہ مریم نواز نے بھی قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ امی کو گزشتہ صبح دل کا دورہ پڑا، انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر ہیں۔ نواز شریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
Leaving for London. Back next week IA. Can’t wait to meet & hug Ami. Request all for special dua for her health. May Allah bless you all.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) June 14, 2018
سابق وزیراعظم نواز شریف لندن میں ایک ہفتہ قیام کریں گے اور عید کے بعد وطن واپس آئیں گے۔ روانگی کے موقع پر مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا والدہ کوگلے لگانے کیلئے بے تاب ہوں، لندن سے آئندہ ہفتے واپسی ہوگی۔ خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔
بیگم کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی اپنی والدہ کی تشویشناک حالت کا بتاتے ہوئے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کریں۔
سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز اپنی والدہ کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے ہارلے سٹریٹ کلینک پہنچ گئے ہیں جبکہ خبریں ہیں کہ شہباز شریف کل لندن پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف قومی ایئر لائن کی پرواز سے لندن جائیں گے۔
میاں نواز شریف اور مریم نواز چھ گھنٹے ہسپتال میں گزارنے کے بعد گھر روانہ ہوئے۔ انہوں نے واپسی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بیگم کلثوم نواز ابھی تک وینٹی لیٹر پر ہیں۔۔ دعا کریں کہ اللہ کلثوم نواز کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے، جبکہ مریم نواز نے کہا کہ والدہ کی طبعیت بہتر نہیں ہے، دعا کریں۔