چودھری نثار فیصلے پر نظر ثانی کریں گے، شاہد خاقان عباسی پُرامید

Last Updated On 26 June,2018 10:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں، ہماری خواہش ہے چودھری نثار پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، نواز شریف کی غیر موجودگی سے انتخابی مہم کو فرق ضرور پڑے گا لیکن پارٹی کی الیکشن کمپین چلتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں ویٹو پاور کی کوئی بات نہیں، پارٹی کے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔

سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری اور کارکنوں کی خواہش تھی کہ چودھری نثار کو ٹکٹ اپلائی کرنا چاہیے تھا لیکن بد قسمتی سے چودھری نثار نے ٹکٹ اپلائی نہیں کیا، اگر کوئی اپلائی نہ کرے تو پارٹی کیسے ٹکٹ دیتی۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں، ہماری خواہش ہے چودھری نثار پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑیں، امید کرتا ہوں چودھری نثار اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا موقف بڑا واضح ہے، ہم نے کسی ادارے سے ٹکراؤ نہیں کیا، جو موقف نواز شریف وہی پارٹی کا ہے، نواز شریف کے موقف سے کسی ادارے کو کوئی خطرہ نہیں، ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔