اسلام آباد: (دنیا نیوز) مدت پوری ہو گئی، پانچ سال تک ڈولتی ڈولتی لیگی حکومت کا اختتام، پنجاب اور بلوچستان اسمبلیاں بھی تحلیل، نگران وزیرِاعظم ناصر الملک آج صبح گیارہ بجے حلف اٹھائیں گے، اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات کو شرکت کی دعوت دیدی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کی ڈولتی اور لڑکھڑاتی حکومت نے پانچ سال پورے کر لئے۔ قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں بھی تحلیل ہو گئیں۔ عبوری سیٹ اپ تک وزرائے اعلیٰ عہدوں پر برقراررہیں گے۔ صدر ممنون حسین عبوری وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
نامزد نگران وزیراعظم سابق چیف جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک آج دن گیارہ بجے اپنے عہدے حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ حکومتی اور سیاسی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اب دو ماہ کیلئے چیف جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کا سکہ چلے گا۔ شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ اور خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں بھی تحلیل اور حکومتیں ختم ہو گئی ہیں۔ نگران وزرائے اعلیٰ کی تعیناتی تک وزرائے اعلیٰ ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حکومت کے پانچ سال پورے ہونے پر کہا ہے کہ میں اور میری ٹیم نے پنجاب میں عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش اور محنت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے 5 سال پورے کرنے پر پیغام جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عوام نے مجھے اپنے ووٹوں سے نوازا۔ آج پنجاب میں (ن) لیگ اپنے آئینی مدت پوری کر لی۔ اس پر خصوصی طور پرخدا کا شکر گزار ہوں اور پاکستان کی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ٹیم نے پانچ سال انتھک محنت کی۔ عوام نے مجھے اپنے ووٹوں اور دعاؤں سے خدمت کا موقع دیا۔ ہماری آئینی مدت کا آج یہ آخری دن تھا۔ اللہ نے موقع دیا تو پھر عوام کی خدمت کریں گے۔
وفاق میں نئی حکومت کس کی ہو گی؟ کون کس صوبے کی کمان سنبھالے گا؟ اس کا فیصلہ قوم 25 جولائی کو کرے گی۔