لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تیز رفتاری کے باعث راوی ٹول پلازہ پر چالان کٹوانا پڑ گیا۔ موٹر وے پولیس اہلکاروں نے چالان بھی کیا اور تصویر بھی بنوائی۔
شاہد خاقان عباسی کو موٹروے پر تیزرفتاری اسوقت مہنگی پڑ گئی جب وہ لاہور ٹول پلازہ کے قریب محو سفر تھے، گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا تاہم اوورسپیڈ پر موٹر وے پولیس نے روک لیا۔ ڈرائیور نے موٹروے پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ سابق وزیراعظم نے کسی ضروری میٹنگ میں جانا ہے۔ موٹروے پولیس اہلکاروں نے کسی رعایت کے بغیر قانون پر عمل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا 750 روپے کا چالان کر دیا۔ جسے شاہد خاقان عباسی نے ادا کر دیا۔
موٹروے پولیس اہلکاروں نے بعد ازاں سابق وزیراعظم کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔