اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آتے ہی نیب حرکت میں آگیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو 2 خط لکھ دیئے۔ نیب نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست بھی کر دی۔
ادھر قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نیب ذرائع کے مطابق نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے ہی حراست میں لے لیا جائے گا جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بروز پیر مورخہ 9 جولائی کو گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاریوں کیلئے تشکیل دی جانے والی نیب لاہور ٹیم کی قیادت عمران ڈوگر کر رہے ہیں۔ نیب ٹیم پیر کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت سے وارنٹ حاصل کرے گی، جس کے بعد کیپٹن صفدر کو خیبر پختونخوا پولیس کے ہمراہ گرفتار کرے گی اور جیل منتقل کرے گی۔