اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے ایون فیلڈ فیصلے کی کاپی حاصل کر لی ہے جس کے بعد قومی احتساب بیورو نے سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے ہی حراست میں لے لیا جائے گا جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بروز پیر مورخہ 9 جولائی کو گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاریوں کیلئے تشکیل دی جانے والی نیب لاہور ٹیم کی قیادت عمران ڈوگر کر رہے ہیں۔ نیب ٹیم پیر کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت سے وارنٹ حاصل کرے گی، جس کے بعد کیپٹن صفدر کو خیبر پختونخوا پولیس کے ہمراہ گرفتار کرے گی اور جیل منتقل کرے گی۔
نیب مجرمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارتِ داخلہ کو دوبارہ درخواست بھی کرے گی۔