اللہ نے جتنے موقع نواز شریف کو دیئے کسی اور کو نہیں ملے: عمران خان

Last Updated On 07 July,2018 04:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ نے جتنے موقع نواز شریف کو دیئے کسی اور کو نہیں ملے، پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے قانون کی بالادستی لانا ہوگی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ن لیگ کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کیا آپ نے اللہ کو جواب نہیں دینا، سب کو پتہ تھا کہ جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے، بچوں کے نام پر دنیا کے مہنگے ترین فلیٹس خریدے گئے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں، کل احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا سنائی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب انسان اوپر جاتا ہے تو وہ کم ظرف ہوتا ہے جو سمجھتا ہے نیچے نہیں آؤں گا، 21 سال گراؤنڈ میں گزرے، میچ جیتنے پر لوگ پرتپاک استقبال اور ہارنے پر انڈے مارتے تھے۔ انہوں نے کہا اللہ کی ذات ہمیشہ رہنے والی ہے، انسان فانی ہے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو پیسہ عوام پر خرچ کرے۔