اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے طلال چودھری توہین عدالت کیس کی سماعت تیسری بار ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وکیل کو 11 جولائی کو حتمی دلائل دینے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں طلال چودھری توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طلال چودھری سے رابطہ نہیں ہو سکا، گواہ بھی موجود نہیں، لہذا استدعا ہے کہ الیکشن تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی جائے۔ جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ کیس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کا مرحلہ ختم ہوگیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب قرار
اس سے قبل سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک قید کی سزا سنائی تھی۔ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے قرار دیا کہ دانیال عزیز نے ججز اور عدلیہ کی تضحیک کی، ان پر توہین عدالت کے 3 میں سے 2 الزامات ثابت ہوئے، انہیں توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے، دانیال عزیز کو تا برخاست عدالت سزا سنائی گئی جو انہوں نے چند سیکنڈ میں مکمل کی۔