اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزارت خزانہ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کر کے سپریم کورٹ دیامر بھاشا مہمند ڈیم فنڈ رکھ دیا ، اس ضمن میں وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن میں ترمیم کر دی، نوٹیفکیشن میں قرار دیا گیا ہے کہ فنڈ کی مینجمنٹ صرف سپریم کورٹ کے پاس ہوگی جبکہ پا کستانیوں نے ڈیم فنڈ میں رقم جمع کرانا شروع کر دی۔
11 جولائی تک 2 کروڑ 51 لاکھ 40 ہزار 755 روپے جمع ہو چکے ہیں، ڈیم فنڈ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ابتدائی طور پر 10 لاکھ رو پے دئیے تھے، سپریم کورٹ کے افسر 2 دن، ماتحت ملازمین ایک دن، وزارت خارجہ کے افسر 3 دن، باقی عملہ ایک دن، پیمرا کے افسر ایک دن، واپڈا کے افسر 2 دن، دیگر ملازمین ایک دن، پالپا کے ممبرز 3 دن، نگران صوبائی وزیر ضیا حیدر رضوی 2 ماہ، ڈی آ ریو مظفرآباد کے افسر اور اہلکار ایک دن، بلدیہ کورنگی کراچی کے ملازمین ایک ماہ، ملی لیبر فیڈریشن کے ملازمین ایک دن جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا نے بھی اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا، سینئر قانون دان چودھری ظفر اقبال، ملک مقبول صادق نے ایک ایک لاکھ، اداکار حمزہ عباسی 3 لاکھ روپے، سابق فوجیوں کی تنظیم ویٹرنز آف پاکستان نے ماہانہ پنشن سے 5 فیصد، اوگرا نے ایک کروڑ 20 لاکھ، بینک آف پنجاب نے ایک کروڑ، روزنامہ دنیا اسلام آباد کے سینئر رپورٹر ظفر ہا شمی نے 5 ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔