ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بہت مشکلات پیش آئیں لیکن کبھی شکائیت نہیں کی، والدہ اور بہن کی وفات کی خبر جیل میں ملنا مشکل لمحہ تھا۔
ملتان میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں گارڈن اور ٹینس کورٹ مشقت کے طور پر اپنے ہاتھوں سے بنایا تھا۔ جیل میں ڈیزرٹ کولر تو موجود تھا لیکن چلانے کی اجازت نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے قیدیوں والے کپڑے تو نہیں پہنے تھے لیکن قیدیوں والے سارے کام کیے تھے اور باقی قیدیوں کے ساتھ پیسے ملا کر کھانا خود پکاتے تھے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی نے مزید بتایا کہ جب میں وزیراعظم بنا تھا تو اڈیالہ جیل کے جس کمپاؤنڈ میں مجھے رکھا گیا اس کو لائبریری میں تبدیل کر دیا تھا۔