جس تیزی سے سزا ہوئی، اسی رفتار سے اپیل سنی جائے: ن لیگ کا مطالبہ

Last Updated On 17 July,2018 03:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرویز رشید کا کہنا ہے جس تیزی سے سزا ہوئی، اسی رفتار سے اپیل سنی جائے، ماضی میں نواز شریف کا پیش ہونا بہت ضروری تھا، اب ایسی کیا بات ہے جسے پوشیدہ رکھا جا رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا احتساب عدالت میں آج نواز شریف کیخلاف مقدمات کی سماعت تھی، اس سے پہلے نواز شریف کیخلاف تیز رفتاری سے سماعت ہوتی رہی۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو اہلیہ کی تیمارداری کی اجازت بھی نہیں دی جاتی تھی، آج نواز شریف کو عدالت لائے بغیر سماعت ہوئی۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف کی حاضری سے گریز پر ہمیں فکر لاحق ہے، برسوں چلنے والے کیس کو چند ہفتوں میں مکمل کر کے سزا سنائی گئی۔

یاد رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو 10 سال قید، ایک ارب 29 کروڑ روپے جرمانہ، مریم نواز کو سات سال قید، 32 کروڑ روپے جرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ عدالت نے کیس کے شریک ملزموں حسین اور حسن نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔