لاہور: (دنیا نیوز) عدلیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر اصلاحات، سول مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، حتمی فیصلہ 3 ماہ سے 6 ماہ تک سنایا جائے گا، لاہور ہائیکورٹ کے فل کورٹ نے ترامیم کی منظوری دیدی۔
سول مقدمات کے فیصلوں میں اب سائلین کو سالوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، لاہور ہائیکورٹ نے 118 سال بعد ضابطہ دیوانی کے رولز 74 میں ترامیم کی منظوری دیدی۔ اس ترمیم کے بعد حکم امتناعی سمیت تمام متفرق درخواستوں کے فیصلےایک ہفتے میں کئے جائیں گے۔
رولز میں تبدیلی کے بعد اب سول مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی اور مدعی یا مخالف پارٹی کی جانب سے تاریخ لینے والے کو جرمانہ عائد ہوگا۔ پہلے مرحلے میں 3 اضلاع میں نئے پراجیکٹ پر کیسز کی سماعت ہوگی۔
سب سے پہلے قصور، جہلم اور مظفرگڑھ میں اس پراجیکٹ پر یکم ستمبر سے کارروائی شروع کی جائے گی، 28 جولائی کو چیف جسٹس پاکستان ججز کی ٹرینینگ سیشن کا افتتاح کریں گے۔