لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی سیشن عدالت نے اینکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کی 10 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی، عدالت نےسابق پولیس انسپکٹر 4 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عابد باکسر اپنے وکیل کے ہمراہ ایڈیشنل سیشن جج رحمت علی کی عدالت میں پیش ہوا، سابق انسپکٹر کے وکیل نےعدالت کے روبروموقف اپنایا کہ عابد باکسر پر بے بنیاد مقدمات درج کر کے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ سیشن عدالت نے اینکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک، ایک لاکھ مچلکوں کے عوض ملزم کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد باکسر نے کہا کہ وہ اپنے ملک واپس آکر بہت خوش ہے اور بہت جلد اہم رازوں سے پردہ اٹھائے گا۔ عابد باکسر کا مزید کہنا تھا کہ پہلے جان کوخطرہ تھا، اب وہ تمام مقدمات کاسامنا کروں گا۔
ہائیکورٹ کا 27 جولائی کو عابد باکسر کو پیش کرنیکا حکم
خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے متعدد مقدمات میں ملوث سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو 27 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عابد باکسر کے سسر نے سابق انسپکٹر کے تحفظ کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عابد باکسر کی زندگی کو خطرہ ہے لہٰذا تحفظ فراہم کیا جائے۔
عابد باکسر سے متعلق وفاقی حکومت کا ہائیکورٹ میں بیان جمع کراتے ہوئے کہنا تھا عابد باکسر کو دبئی سے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے، سابق پولیس افسر کو 19 فروری کو پاکستان منتقل کیا گیا۔