اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے مخصوص نشستوں کا کوٹہ طے کرلیا۔
ذرائع کے مطابق، قومی اسمبلی کی ساڑھے 4 جنرل نشستوں پر ایک خاتون کی مخصوص نشست ملے گی، قومی اسمبلی کی 27 جنرل نشستوں پر ایک اقلیت کی نشست ملے گی۔ تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں خواتین کی 25 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ ن لیگ کو قومی اسمبلی میں خواتین کی 14 اور پیپلزپارٹی کو 9 نشستیں ملنے کی امید ہے۔ پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں 4 اقلیتوں کی نشستیں ملیں گی۔
پنجاب اسمبلی کی ساڑھے 24 جنرل نشستوں پر خاتون کی ایک نشست جبکہ 37 جنرل نشستوں پر ایک اقلیت کی نشست ملے گی، سندھ اسمبلی کی 4.48 جنرل نشستوں پر ایک خاتون کی نشست جبکہ 14 جنرل نشستوں پر ایک مخصوص نشست ملے گی۔
اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی کی ساڑھے 4 جنرل نشستوں پر ایک خاتون کی نشست اور 33 جنرل نشستوں پر ایک اقلیتی نشست ملے گی۔ بلوچستان اسمبلی کی 4.6 جنرل نشستوں پر ایک خاتون جبکہ 17 جنرل نشستوں پر ایک اقلیت کی نشست ملے گی۔