پی ٹی آئی کی ممکنہ حکومت، متوقع وزرا کے نام سامنے آ گئے

Last Updated On 27 July,2018 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی ممکنہ حکومت میں متوقع وزرا کے نام سامنے آ گئے۔ اسد عمر خزانہ، شاہ محمود قریشی ممکنہ طور پر وزیر خارجہ کے قلمدان سنبھال سکتے ہیں، شیریں مزاری بھی اس منصب کی خواہشمند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کی آئندہ ممکنہ بننے والی حکومت میں اسد عمر وزارت خزانہ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ وزارت خارجہ کا قلمدان شاہ محمود قریشی سنبھال سکتے ہیں تاہم شیریں مزاری بھی اس منصب کی خواہشمند ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری کو وزیر دفاع کا قملدان ملنے کا امکان ہے، وزرات داخلہ کا منصب شفقت محمود کے حصے میں آ سکتا ہے جبکہ سپیکر کا عہدہ سندھ یا خیبر پختونخوا کو ملنے کا امکان ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے لیے ڈاکٹر عارف علوی مضبوط امیدوار ہیں، ملک امین اسلم ماحولیات کے مشیر یا وزیر ہوں گے۔

خسرو بختیار، سرور خان، عمر ایوب، فواد چودھری، پرویز خٹک، علی امین گنڈا پور، طاہر صادق کا نام بھی ممکنہ وزراء کی فہرست میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں بلوچستان عوامی پارٹی اور ق لیگ کو بھی نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔ شیخ رشید اور چودھری سرور کا نام بھی ممکنہ وزراء کی فہرست میں موجود ہے۔