172 سے کم ووٹوں پر بھی عمران وزیر اعظم بن سکتے ہیں

Last Updated On 31 July,2018 03:31 pm

لاہور (روزنامہ دنیا )قومی اسمبلی میں 172 ووٹ نہ لینے کے باوجود بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وزیر اعظم منتخب ہو سکتے ہیں، آئین کے تحت قومی اسمبلی کے کل ممبران کی اکثریت نہ رکھنے والا امیدوار بھی دوسری ووٹنگ میں اکثریت لینے کے لئے وزیر اعظم منتخب ہو سکتا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق آئین کے آرٹیکل 91 کے سیکشن چار میں ہے کہ وزیر اعظم کے امیدوار کو پہلی ووٹنگ کے دوران قومی اسمبلی کے کل ارکان میں سے آدھے ارکان کی اکثریت کی حمایت درکار ہو گی اور اگر کوئی امیدوار اتنی حمایت لینے میں ناکام ہو جاتا ہے تو پھر آئین کے تحت سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان دوبارہ ووٹنگ ہو گی اور جو ایوان میں موجود ارکان کی اکثریت کے ووٹ حاصل کر لے گا وہ وزیراعظم منتخب ہو جائے گا۔

اسی طرح قومی اسمبلی کے ضوابط میں رول نمبر 35کے سب سیکشن چار میں ہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کے دوران اگر مقابلہ کرنے والے امیدوار دوبارہ دو سے زائد ہوں اور مقابلہ کرنے والا کوئی امیدوار پہلی رائے دہی میں مذکورہ اکثریت حاصل نہ کرے تو ا ن دو امیدواروں کے درمیان دوسری رائے دہی کرائی جائے گی جنہوں نے پہلی رائے دہی میں ووٹوں کی سب سے زیادہ تعداد حاصل کی ہو اور وہ امیدوار جو موجود اور رائے دہندہ اراکین کے ووٹوں کی اکثریت حاصل کرے گااس کے بطور وزیر اعظم منتخب ہونے کا اعلان کردیا جائے گا۔