کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات میں وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ متحدہ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے تمام سیاسی معاملات پر ایک جیسے خیالات ہیں۔
متحدہ رہنماوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کیلئے ایم کیو ایم سب سے اہم جماعت ہے، اس لئے مرکز میں حکومت بنانے میں ایم کیو ایم کو دعوت دی گئی ہے۔ دوسری جانب خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے رہنماوں کے درمایں ہونے والے تمام امور رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے اس کے بعد ہونے والے فیصلوں سے پی ٹی آئی قیادت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
درایں اثنا تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے اکثریت حاصل کر لی ہے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں 168 اور پنجاب اسمبلی میں 180 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان جلد وزیراعلی پنجاب کے نام کا اعلان کریں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے وزیراعلی کے پی کیلئے عاطف خان کو موزوں امیدوار قرار دیا ہے۔