اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ اںصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس ے تحت کراچی کے لیے خصوصی مالیاتی پیکج دیا جائے گا۔
خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں حکومت سازی، انتخابات کے پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور کراچی کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ ہم نے ذاتی مفاد سے زیادہ پاکستان کے مفادات کو ترجیح دی، کراچی کی ترقی کا مطلب پاکستان کی ترقی ہے، تحریک انصاف میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم سندھ میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے مل کر کوشش کریں گے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا تحریکِ انصاف کے ساتھ حلقے کھولنے کے حوالے سے بھی معاہدہ ہوا ہے جبکہ معاہدے کے تحت کراچی کو خصوصی مالیاتی پیکج بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کو انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹوں کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا، اس کی وجہ پرانی پارٹیوں کی ناقص کارگردگی ہے، ماضی میں شہرِ قائد پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی، ہم کراچی کیلئے سپیشل فنانشل پیکج دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے مسائل ہیں، ہم سندھ پولیس کے اندر سیاسی مداخلت کا خاتمی کریں گے، ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیں ایم کیو ایم کا مکمل تعاون حاصل ہے، ایم کیو ایم پاکستان حکومت سازی میں ہمارے ساتھ ہو گی۔
پاکستان تحریکِ اںصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے درمیان ہونے والے معاہدے میں دوبارہ مردم شماری، بلدیاتی نظام کی بہتری، کراچی آپریشن، سرکاری عہدوں پر تقرریوں اور پولیس میں اصلاحات جیسے دیگر ایشوز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر پی ٹی آئی کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی اور ایم کیو ایم کی جانب سے فیصل سبزواری نے دستخط کیے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف اور ایم کیو ایم میں طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت میں 9 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ معادہے کے متن کے مطابق کراچی میں مردم شماری کے حوالے سے قومی اسمبلی کی قرارداد پر عمل کیا جائے گا، پی ٹی آئی بلدیاتی نظام کے حوالے سے ایم کیو ایم کی سپریم کورٹ میں درخواست کی حمایت کرے گی، تمام فریقین کی مشاورت سے کراچی آپریشن کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔
متن کے مطابق سرکاری اداروں میں تمام بھرتیاں ایک مصدقہ ٹیسٹنگ نظام کے ذریعہ کی جائیں گی، چونگی نظام کے خاتمے کے بعد شہروں کو ہونے والے نقصانات پورے کرنے طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا، کراچی سمیت دیگر شہروں کے لیے مالیاتی پیکج کا اعلان فوری طور پر کیا جائے گا۔
مفاہمتی یادداشت کے متن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کی طرز پر دیگر صوبوں میں بھی پولیس کو سیاست سے پاک کرنے پر عملدرآمد کیا جائے گا، حیدر آباد میں عالمی معیار کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور عمران خان کی پیشکش کے نتیجے میں ایم کیو ایم جس حلقہ کی نشاندہی کرے گی، اس کا آڈٹ ہو گا۔