اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ اپوزیشن نے سابق وزیراعلی پنجاب اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپیکر کیلئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا نام سامنے آیا ہے۔
گزشتہ رات متحدہ اپوزیشن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تمام تحریک انصاف کے خلاف محاذ میں شامل سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماوں نے اپوزیشن اتحاد کیلئے پاکستان اتحاد کا نام تجویز کیا جس کا مقصد شفاف اور آزادانہ انتخابات کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کے نام بھی فائنل کئے گئے۔ وزیراعظم کے لئے شہباز شریف جبکہ سپیکر کیلئے خورشید شاہ اپوزیشن کے متفقہ امیدواران ہوں گے۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کی جانب سے پارلیمنٹ میں مضبوط اپوزیشن کیلئے بھی مشاورت کی گئی اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے سمیت الیکشن میں دھاندلی کا معاملہ ایوان میں اٹھانے کے حوالے سے تجاویز دی گئیں۔