عمران خان کی بطور وزیرِاعظم نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج

Last Updated On 08 August,2018 09:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کیلئے ایک اور مشکل، عمران خان کی بحیثیت وزیرِاعظم نامزدگی کیخلاف درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی وزیرِاعظم نامزدگی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے سیکریٹری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں ایڈووکیٹ عبدالوہاب بلوچ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست کے فیصلے تک عمران خان کو حلف اٹھانے سے روکا جائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف ہے کہ عمران خان 62 ایف ون کے تحت نااہل ہیں، اس لیے وہ پارلیمنٹ کے رکن نہیں بن سکتے۔ اس کیس کو ہم ہر فورم پر لے کر جائیں گے۔ ہم نے پٹیشن کیساتھ امریکی عدالت کا فیصلہ بھی منسلک کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے تک ہم خود اس کیس کی پیروی کرتے رہیں گے۔ عمران خان جب رکن بننے کے اہل نہیں تو وزیرِاعظم کیسے بن سکتے ہیں۔