کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بعد حنیف عباسی بھی اڈیالہ جیل میں علیل

Last Updated On 10 August,2018 02:39 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے داما کیپٹن (ر) صفدر کے بعد لیگی رہنما حنیف عباسی بھی اڈیالہ جیل میں بیمار پڑ گئے۔ حنیف عباسی کو پولن الرجی کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو گلے میں ٹانسلز سے تکلیف ہے، ان کا علاج کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

دوسری جانب پمز ہسپتال میں زیر علاج کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا، ان کا شوگر لیول زیادہ ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے معدے اور دیگر ٹیسٹ لیبارٹریز بھجوا دیئے گئے۔

پمز ہسپتال کے ڈاکٹر تنویر خالق کی سربراہی میں 5 رکنی میڈیکل بورڈ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا طبی معائنہ کیا، گزشتہ روز کی ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کپیٹن ریٹائرڈ صفدر کا شوگر لیول زیادہ ہے۔

ڈاکٹرز نے مزید بتایا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے گھر سے آیا ہوا کھانا بھی نہیں کھایا اور حلق خشک ہونے کے باعث صرف پانی پی رہے ہیں۔ انکے ایکسرے ریکٹ پوسٹ کے یو وی، الٹرا ساؤنڈ، معدے، شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے مجرم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سخت سیکیورٹی میں ہسپتال میں پہنچایا گیا۔