نواز شریف کیخلاف ریفرنسز کی کارروائیاں روکنے کیلئے درخواست دائر

Last Updated On 10 August,2018 06:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی سزاؤں اور ریفرنسز کی کارروائیاں روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں قانونی نقطہ اٹھایا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس 1999ء مردہ قانون ہے، لہذا اس قانون کے تحت نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف انکوائری غیر قانونی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر، چئیرمین نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد نیب آرڈیننس 1999ء کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے بارہ اکتوبر 1999ء میں منتخب حکومت ختم کر کے اقتدار پر قبضہ کیا اور آرڈیننس کے تحت احتساب کے لیے نیب کا ادارہ قائم کیا گیا، نیب آرڈیننس قانونی افادیت کھو چکا ہے اس لیے اس قانون کو مردہ قانون قرار دے کر نیب آرڈیننس کے تحت نواز شریف کی سزا کو کالعدم جبکہ دیگر ریفرنسز پر کارروائی روکی جائے۔

درخواست میں سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خلاف نیب انکوائری کو روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔