پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے مشاورت مکمل، عاطف خان، شہرام ترکئی سینئر وزیر ہوں گے، ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ خاتون ایم پی اے کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلی محمود خان نے نئی کابینہ کے لیے متوقع کھلاڑی چن لیے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور خیبرپختونخوا کے سینئر رہنماؤں کے درمیان مشاورت مکمل ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سازی میں وزیراعلی سمیت 10 وزراء پہلے مرحلے میں حلف اٹھائیں گے۔
صوبائی کابینہ میں عاطف خان اور شہرام ترکئی سینئر وزیر ہوں گے۔ کابینہ میں دیگر وزراء کے لیے مشتاق غنی، تیمور سلیم جھگڑا، سلطان محمد، اشتیاق ارمڑ، ضیاء اللہ بنگش، امجد علی، ملک قاسم اور ہمایوں خان کے نام شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے خاتون ایم پی اے کو لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔