گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وفاداری بدلنے کی رنجش پر گوجرانوالہ میں گولیاں چل گئیں، فیصل ٹاؤن میں نون اور جنون کے درمیان خونیں تصادم میں پی ٹی آئی کا یوسی کونسلر جاں بحق ہوگیا جبکہ 7 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، 3 لیگی کارکن گرفتارکر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق، گوجرانوالہ میں دو سیاسی گروپوں کی رنجش طول پکڑگئی، فیصل ٹاؤن میں پی ٹی آئی اور نون لیگ کے کارکنوں میں خونی تصادم ہوگیا۔ پولیس کے مطابق لیگی کارکن احمد بٹ کی فائرنگ سے تحریک انصاف کا یوسی کونسلر افضل مہر جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔
دونوں گروپوں میں جھگڑا انتخابات کے دوران شروع ہوا، جب افضل مہر اپنے ساتھیوں سمیت نون لیگ سے وفاداری بدل کر کھلاڑی بن گئے، جس کی رنجش میں دونوں جانب تلخی بڑھتی جا رہی تھی، تھانے میں فریقین کے درمیان مصالحت جاری تھی لیکن روز روز تھانے طلب کئے جانے کے غصے
میں احمد بٹ نے گلی میں کھڑے پی ٹی آئی کارکنوں پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے افضل مہر جاں بحق جبکہ منیب، فیصل، شعیب، محمد علی، افضل اورعمران زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔