اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی، چوہدری محمد سرور کو گورنر اور چوہدری پرویز الہٰی کو سپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسد قیصر قومی اسمبلی میں سپیکر کیلئے امیدوار ہوں گے، وہ پارلیمانی آداب اور قواعد سے واقف ہیں، چودھری سرور سیاسی استحکام کیلئے بہترین کام کریں گے، چودھری سرور گورنر رہ چکے ہیں، وہ آئینی کردار سے واقف ہیں، پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار کا اعلان عمران خان کریں گے۔ انہوں نے کہا 13 اگست کو ارکان قومی اسمبلی اور اتحادیوں کو مدعو کر رہے ہیں، ایم کیو ایم نے ہمارے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کچھ ممبران کو ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کیلئے ذمہ داریاں سونپی ہیں، پرویز خٹک کے پی اور فاٹا کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطے میں ہوں گے، سندھ سے عارف علوی ارکان قومی اسمبلی سے رابطےمیں رہیں گے، مغربی پنجاب سے چودھری سرور، مشرقی پنجاب کے ممبران قومی اسمبلی سے شفقت محمود رابطہ میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا امید ہے پورا پارلیمانی عمل احسن طریقے سے سر انجام ہوگا۔
یاد رہے اسد قیصر 15 نومبر 1969 کو پختونخوا کے ضلع صوابی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہایئر سکینڈری سکول صوابی سے حاصل کی اور اسکے بعد یونیورسٹی آف پشاور سے گریجو ایشن کی۔
اسد قیصر نے 1996 میں پاکستان تحریک انصاف جوائن کی اور اپنا سیاسی کیرئر بطور ایک ورکر کے شروع کیا اور پھر ضلع صوابی کے صدر کے عہدے تک پہنچے، 2008 میں انکو پختونخوا میں تحریک انصاف کا صوبائی صدر بھی بنایا گیا اور وہ عہدہ اسد قیصر نے 2011 تک برقرار رکھا۔
مارچ 2013 میں اسد قیصر نے پارٹی الیکشن جیتا اور عام انتخابات میں این اے 13 اور پی کے 35 کی نشستوں پر صوابی سے حصہ لیا ، جسکے نتیجے میں انہوں نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی، لیکن اسد قیصر نے صوبائی نشست کو برقرار رکھا، اسکے بعد ان کو پختونخوا اسمبلی کی جانب سے سپیکر منتخب کیا گیا جو عہدہ اب تک برقرار ہے۔ الیکشن 2018 میں اسد قیصر نے این اے 18 صوابی اور پی کی 44 سے سے کامیابی حاصل کی۔