ایجنڈے کی بدولت سب سے زیادہ سیٹیں ملیں، آج سے 100 دن شروع، عملدرآمد کیلئے کیے اقدمات سے عوام کو آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
لاہور: (دنیا ریسرچ سیل) پاکستان تحریکِ انصاف کا منشور جس سے اس کا پہلے 100 دن کا ایجنڈا ماخوذ ہے کی بدولت ہی پارٹی نے 2018ء کے انتخابات میں ایک کروڑ 69 لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی میں 151 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں 287 نشستیں حاصل کیں۔ اس تعداد میں وہ آزاد ممبران بھی شامل ہیں جنہوں نے غالباً منشور اور پہلے 100 دن کے ایجنڈا سے متاثر ہو کر شمولیت اختیار کی۔
مورخہ 18 اگست 2018ء کو عمران خان نے منشور اور پہلے 100 دن کے ایجنڈے کی بدولت ملک کی قیادت سنبھال لی ہے۔ سو دن کی گنتی اصولاً تو حلف اٹھانے کے وقت سے شروع ہو چکی ہے، چونکہ قوم کی بے صبری اور شدتِ انتظار کا عالم ایسا ہی ہے لیکن ہم آج 19 اگست کو ہی پہلا دن تصور کر لیتے ہیں۔
آج سے 100 دن شروع ہو گئے ہیں۔ ہم پر حکومت اور عوام کی طرف سے یہی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ایجنڈا کی تکمیل کے لیے کیے گئے اقدامات اور عملدرآمد کے بارے میں عوام کو باقاعدگی سے مطلع رکھیں۔
اسی کے ساتھ ملک اور قوم کے ہر فرد کا مفاد اور دلچسپی جڑے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ متعلقہ حکومتی ادارے اس بارے میں بروقت اور مکمل اطلاعات جاری کرتے رہیں گے تا کہ وہ قارئین اور ناظرین تک پہنچتی رہیں۔