اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان اور وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات، پنجاب کابینہ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو، دو سے تین روز میں 15 رکنی صوبائی کابینہ حلف اٹھا لے گی۔
وزیرِاعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم ایک قدم آگے، پنجاب کی کابینہ کو بھی مختصر رکھنے کا فیصلہ، ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نے وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ کابینہ کا حجم کم سے کم رکھا جائے تا کہ خرچہ بھی کم ہو۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی تشکیل مرحلہ وار کی جائے گی۔ سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کو محکمہ بلدیات، چودھری ظہیر کو سی اینڈ ڈبلیو، راجہ بشارت کو وزارتِ پارلیمانی امور اور مخدوم ہاشم کو وزارت تعلیم سونپے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ڈاکٹر یاسمین راشد کو صحت کا قلمدان دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کو بھی 2 وزارتیں ملیں گی جس کے لئے عمار یاسر اور باؤ رضوان کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مزید وزارتوں کے لئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔