عمران اسماعیل تحریک انصاف کے دیرینہ اور متحرک رکن

Last Updated On 25 August,2018 11:08 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) تحریک انصاف کے رہنماء عمران اسماعیل کو گورنر سندھ مقرر کر دیا گیا ہے۔ عمران اسماعیل تحریک انصاف کے دیرینہ اور متحرک رکن کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔عمران اسماعیل 1966ء میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کینٹ پبلک سکول سے حاصل کی، جس کے بعد انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ کامرس کالج اور گریجویشن نیشنل کالج سے مکمل کیا۔ انہوں نے لیدر ٹیکنالوجی اور لیدر کیمیکل کی اسناد اٹلی اور امریکا سے حاصل کیں۔

عمران اسماعیل نے فلاحی و سماجی بہبود کا آغاز 1992ء میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ میں رضاکار کی حیثیت سے کیا، جس کے بعد انہوں نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کیلئے چندہ مہم کا آغاز کیا، اس دوران انہوں نے بین الاقوامی میگا اسٹارزکی مدد بھی حاصل کی، بالی ووڈ سے عامرخان نے پاکستان آکر چندہ مہم میں شرکت کی۔ انہوں نے 2010ء میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاری کے بعد عمران خان فاؤنڈیشن کی بنیاد ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس مہم میں انہوں نے جامشورو میں سیلاب زدگان کی امدادکیلئے اسپتال قائم کیا، جس میں تقریبا پانچ ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا اور 100 سے زائد حاملہ خواتین کی دیکھ بھال کی گئی۔

اسی حوالے سے عمران اسماعیل نے پکار فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے ذریعے 2 ارب سے زائد کا چندہ جمع کیا گیا۔ ان کو تحریک انصاف کا بانی رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 1997ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ہی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 91، جو کہ اب پی ایس 115 ہے، سے حصہ لیا، 2014 میں عزیز آباد کے حلقے این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا اور 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ پی ایس 111 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ اس عرصے میں پارٹی کے بیشتر عہدوں پر فائزرہے، وہ صدر کراچی ڈویژن، صدر سندھ، اور بیشتر دیگر کمیٹیوں کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔

پارٹی میں ان کی موجودہ ذمہ داری مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہے۔ وہ کراچی چیمبرآف کامرس اور کورنگی انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی مینیجنگ کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ ان کو کراچی چیمبر آف کامرس کی فنانس کمیٹی کا سابق چیئرمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔