صدارتی الیکشن پر مشاورتی اجلاس، پی ٹی آئی کا اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ

Last Updated On 26 August,2018 01:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عارف علوی کو صدر منتخب کرانے کیلئے پلاننگ، وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی رہنماؤں کی بیٹھک، کپتان کو اتحادیوں کی حمایت اور آزاد ارکان سے رابطوں پر بریفنگ دی گئی۔ فواد چودھری کا کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن میں کوئی رکاوٹ نہیں، اتحادیوں کا تعاون حاصل ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں جاری پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور صدارتی انتخاب سے متعلق اب تک کی صورتحال پر عمران خان کو بریفنگ دی گی، اتحادیوں کی حمایت اور رویے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا اور آزاد اراکین سے رابطوں کا بھی بتایا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے سینئر رہنماؤں کی مشاورت سے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کیا۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، چوہدری سرور ، میاں محمود الرشید اور صدارتی امیدوار عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وفاقی وزیر عامر کیانی، افتخار درانی، یار محمد رند، خسرو بختیار اور دیگر رہنماء شریک تھے۔

اجلاس ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن میں کوئی رکاوٹ نہیں، عارف علوی باآسانی منتخب ہوجائیں گے۔ پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار عارف علوی نے بھی الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔

دوسری طرف تحریک انصاف میں سیاسی رہنماؤں کی شمولیت جاری ہے، فاٹا سے سینیٹر اورنگزیب اور سینیٹر سجاد طورو تحریک انصاف میں شامل ہوئے، دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا۔

یاد رہے کہ صدر ممنون حسین کے عہدے کی مدت 8 ستمبر 2018 کو ختم ہو رہی ہے اور نئے صدر مملکت کے انتخاب کا میدان 4 ستمبر کو سجے گا۔ صدر کے امیدوار کیلئے مسلمان ہونا لازم ہے جبکہ عمر کی کم از کم حد 45 سال مقرر ہے۔ صدارتی امیدوار کا رکن قومی اسمبلی بننے کی شرائط پر پورا اترنا بھی لازمی ہے۔

صدارتی الیکشن میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پارلیمنٹ میں ایک ہی جگہ ووٹ ڈالیں گے۔ چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی پولنگ اسٹیشن بنیں گی۔

Advertisement