ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی گورنر بلوچستان نامزد

Last Updated On 25 August,2018 09:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کر دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا۔ گورنر بلوچستان کی نامزدگی کا فیصلہ عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں ہوا۔ بلوچستان کے نامزد گورنر ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی میڈیکل کے شعبے میں بطور چائلڈ اسپیشلسٹ 32 سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور ہیلپ بلوچستان ادارے کے پریزیڈنٹ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ چاروں صوبوں میں گورنرز کی نامزدگی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں شاہ فرمان، سندھ میں عمران اسماعیل جبکہ پنجاب میں چودھری سرور اور بلوچستان میں ڈاکٹر امیر جوگیزئی گورنر ہوں گے۔

وزیراعظم پاکستان و سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سینئر پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے تعیناتیاں کی ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تمام تقرریاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔

Advertisement