اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقیِ وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان نے لاہور میں زیرِ تعمیر اورنج ٹرین منصوبہ جلد از اجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں نے قومی خزانے کو اپنی جاگیر سمجھ کر استعمال کیا، بادشاہوں کی طرح پیسے خرچ کرنے کا رواج ختم ہونا چاہیے، نواز شریف نے 21 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈز استعمال کیے اور اپنے اراکان کو 30 ارب روپے کے فنڈز دیے۔
انہوں نے بتایا کہ اب وفاقی کابینہ نے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے، تمام فنڈز پارلیمنٹ میں زیرِ بحث لانے کے بعد خرچ کیے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہو سکے گا۔ صوابدیدی فنڈز کے خاتمے سے خزانے کو فائدہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر 51 ارب روپے کی بچت کر رہی ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس موجودہ حکومت کیلئے اہم معاملات ہیں، سابق حکومت نے بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر نہیں کیا، وزیرِاعظم نے عید کے روز لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لاہور کا میٹروبس منصوبہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا بلکہ وزیرِاعظم عمران خان نے میٹرو ٹرین منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم میگا پروجیکٹس میں بہت بڑی کرپشن کے خدشات ہیں، اورنج ٹرین منصوبے کے ساتھ ساتھ تمام منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا۔